کولکا تہ، یکم جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سی بی آئی نے آج کہا کہ اگر ترنمول کانگریس کے ممبرپارلیمنٹ سدیپ بندوپادھیائے کروڑوں روپے کے روز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالوں کی تحقیقات کے سلسلے میں 3/ جنوری کو اس کے سامنے پیش نہیں ہوتے ہیں اس وقت ایجنسی دوسرے متبادل پر غور کرے گی۔سی بی آئی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایاکہ اس سے پہلے انہیں دو بار بلایا گیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے،انہیں دوبارہ 30/دسمبر کو بلایا گیا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ وہ 3 /جنوری کو آئیں گے اور اس وجہ سے اگر وہ اس دن نہیں آئے، تو ہم 3 /جنوری کے بعد دوسرے متبادل پر غور کریں گے۔سی بی آئی کے افسر نے کہا کہ بندوپادھیائے سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر ہم اگلے قدم کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔سی بی آئی نے جمعہ کو ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ تاپس پال کو روزو یلی چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں مبینہ ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جب بندوپادھیائے سے پوچھا گیا کہ کیا وہ متعینہ تاریخ کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہوں گے؟ انہوں نے میڈیا سے کہاکہ میں 3 /جنوری کو جاؤں گا یا نہیں، اس کے بارے میں میں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے، جب بھی میں جاؤں گا، اس کے بارے میں آپ کو بتادوں گا۔قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے روز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں مبینہ ملوث ہونے کے الزام میں سدیپ بندوپادھیائے اور تاپس پال کو سمن جاری کیا تھا۔